اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور دیگر ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرجوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پی ٹی آئی وکیل سینیٹر علی ظفر، علی بخاری و دیگر پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے پراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوئی ہے، تمام ملزمان ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ رؤف حسن و دیگر کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہوچکا ہے، رؤف حسن کی طبیعت ٹھیک نہیں، چیک اپ کرایا جائے۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے رؤف حسن کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر ڈیوٹی جج مرید عباس نے رؤف حسن اور دیگر کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔