کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی کہ منچھر جھیل اور حمل جھیل کی نگرانی کریں، جیسے ہی منچھر جھیل میں پانی بڑھے وہ دریا میں نکالنا چاہئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت شدید بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر اجلاس ہوا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بھان سعید آباد میں پانی کھڑا ہے وہاں سے ڈی واٹرنگ کروائیں، جن اضلاع یا شہروں میں نکاسی کیلئے مشینری چاہئے وہ فوری اپنی ڈیمانڈ بھیجیں، تمام بلدیاتی ادارے، محکمہ آبپاشی اور انتظامیہ چوکس رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں وزیر بلدیات اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو صورتحال کے حساب سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی، وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا آج گڈو بیراج کی صورتحال نچلے درجے کے سیلاب سے کافی کم ہے، بلوچستان سے برساتی پانی ابھی سندھ میں داخل نہیں ہوا۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بریفنگ دی کہ ابھی جاری بارش کا سپیل رات کو ٹوٹ جائے گا، ایک ہفتے بعد 13 یا 14 اگست کو دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔