پشاور :(دنیا نیوز ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹرسیف نے کہا ہے کہ علی بابا 40 چوروں سے پی ٹی آئی کی مقبولیت برداشت نہیں ہو رہی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹرسیف کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ مینڈیٹ چورسرکار پی ٹی آئی پرلاکھ پابندیاں لگائیں ہم ملک چھوڑنے اور ڈیل کرنے والوں میں نہیں، پی ٹی آئی ایک نظریے کا نام ہے اور نظریہ کبھی ختم نہیں ہوتا، عوام کو مشکل حالات میں چھوڑ کر شریف خاندان دو بار ملک سے بھاگ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 20 ماہ سے پابندیوں اور صعبوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،ہم اسی ملک میں رہ کر تمام مظالم اور غیر آئینی اقدامات کا مقابلہ کریں گے، ہماری جنگ آئین کی بالادستی اور ملک سے کرپٹ سیاسی ٹولے کے خلاف جاری رہے گی، تاریخ میں پابندیوں سے کبھی بھی کسی سیاسی جماعت یا تحریک کا خاتمہ نہیں ہوا۔
بیرسٹرسیف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے کا شمار جعلی سرکار کے سب بڑے احمقانہ فیصلوں میں ہوگا،سیاسی رہنما، کارکنوں اور میڈیا پر پابندی لگانا مسلم لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، پابندی لگانے سے سیاسی جماعت کا خاتمہ ممکن نہیں،پی ٹی آئی پر پابندی لگا کر جعلی حکومت اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہی ہے۔