لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں عمر ایوب، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت عمر ایوب، اسد عمر، عظیم اللہ، گل اصغر خان اور ملک احمد چٹھہ کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندی سماعت پر کوئی بھی ملزم غیر حاضر نہ ہو۔
عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو فوری طلب کر لیا جبکہ پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا اور تمام وکلاء کوآئندہ سماعت پر دلائل کیلئے عدالت میں تیاری کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ تاریخ پر ہر صورت فیصلہ ہو گا۔
بعدازاں اے ٹی سی نے عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے کیسز میں ملوث 28 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں دو اگست تک توسیع کردی۔