پشاور : (دنیانیوز) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پیغام جاری کیاہے ۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں کہاکہ پانچ اگست 2019 کو بھارت کا یکطرفہ اقدام کشمیریوں کی نسل کشی کا گھناؤنا فعل تھا، آج کے دن 5 سال قبل کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے ظلم کی ایک نئی داستان رقم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم رکوانے میں عملی کردار ادا کرے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق عالمی مسئلہ کشمیر کا حل یقینی بنائے، بھارتی ظلم و جبر کیخلاف کشمیری عوام کے جذبہ و حوصلہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔
فیصل کریم کنڈی کاکہنا تھاکہ خیبرپختونخوا کے عوام شروع دن سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں اوررہیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی 5 اگست کا دن یوم استحصال کشمیر بھر پر منایا جا رہا ہے، مودی سرکارنے یکطرفہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ظلم کی نئی داستان رقم کی، بھارت کے اس یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کانوٹس لیں ، حق خودارادیت کشمیر کے عوام کا بنیادی انسانی حق ہے۔
5 اگست 2019 کو تاریخ کے سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جاتاہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم ہوئے آج پانچ سال مکمل ہو گئے ہیں ،لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منا رہے ہیں۔