آپریشنل وجوہات کے سبب متعدد پروازیں منسوخ، تاخیر کا شکار

Published On 08 August,2024 10:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) آپریشنل وجوہات کے سبب کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی 9 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ مختلف ایئر پورٹس سے 2 درجن پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے لاہور کے لیے پی آئی اے کی پرواز منسوخ کر دی گئی جبکہ کراچی سے نجی ایئر لائن کی جدہ کے لیے پرواز پی اے 171 بھی منسوخ کر دی گئی۔

شیڈول کے مطابق اسلام آباد اور کراچی سے کوئٹہ کے لیے پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ اسلام آباد اور دبئی کی پی آئی اے کی 3 پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔

لاہور سے دبئی کے لیے پی آئی اے کی پرواز بھی منسوخ کی گئی ہے۔

استنبول سے کراچی کی غیرملکی ایئر لائن کی پرواز کی آمد و روانگی میں 4 گھنٹے جبکہ دمشق سے کراچی کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کی آمد میں 4 گھنٹے تاخیر ہوئی ہے۔

مسقط، ابوظہبی، شارجہ اور لاہور کی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔

پی آئی اے کی لاہور سے مدینہ کے لیے پرواز میں 5 گھنٹے کی تاخیر جبکہ لاہور سے دبئی، ریاض اور کراچی کی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔