اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ بنگلادیش کے موجودہ حالات انکا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان اور بنگلادیش کا موازنہ کرنے والے ملک دشمن ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دشمن وزیراعظم کا موازنہ حسینہ واجد سے کررہے ہیں، انتشار پسند ٹولہ عوام کے ذہنوں میں نفرت بھرنا چاہتا ہے اور ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کہوں گا بچوں بچیوں پر خدارا رحم کریں، ہم کہہ رہے ہیں ہم زرعی پیداوار بڑھائیں گے تو آپ بھی ایسی بات کریں، بنگلا دیش اور حسینہ واجد کا نام لینے سے پاکستان میں انتشار نہیں پھیلے گا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ یہ ملک پاکستان سب کا ہے، پاکستان کا ایک ہی ویژن ہے غریب کی خدمت کرنا، ایک دشمن جماعت ملک کے خلاف مسلسل بیان دے رہی ہے، پاکستان کی منزل اقتصادی ترقی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ آپ پی ٹی وی پر چڑھ دوڑے،قبضہ کیا، آپ نے پارلیمان کے جنگلے توڑے اور قبضہ کیا، آپ کی تحریک جلاؤ،گھیراؤ، پکڑو، یہ آج کی نہیں ہے، میری درخواست ہے کہ رک جائیں، مجھے خوشی ہے کہ آپ نے گڑگڑانا شروع کیا ہے، اگر ایسا ہوا ہے تو معافی مانگیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے 11 فیصد پر آچکی ہے، دشمن صرف ناامیدی اور بربادی کی بات کرتے ہیں، میراپیغام ہےکہ پاکستان ایک ہے ، پاکستان میں ترقی کی شرح بڑھ رہی ہیں۔