اسلام آباد :(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا ترقیاتی ایجنڈا آگے بڑھانے کیلئے ہمیں مل کر کردارادا کرنا ہوگا۔
43ویں ڈپلومیٹک کورس گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سفارتی خدمات میں شامل ہونے پر اپنی ذمہ داریوں سے نبرآزما ہونا ہو گا، دنیا اور پاکستان ایک گہری تبدیلی سے گزررہے ہیں، سفارتی کورس مکمل کرنے والے طلبہ اور والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہےکہ نئے غیر یقینی چیلنجز نے سکیورٹی کو مزید غیر مستحکم کردیا،طاقت کے مقابلے نے بلاک کی سیاست کا خدشہ بڑھا دیا، سفارتکاروں پر فرض ہے کہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق پاکستان کی خدمت کریں، ہر نئی ذمہ داری، چاہے سیاسی ہو یا انتظامی آپ کو چیلنج کرے گی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بلاک سیاست عالمی سیاست ،معیشت اوربین الریاستی تعلقات کو بری طرح متاثر کرے گا، پوری دنیا کے معاشرے دباؤ کا شکار ہیں، دائیں بازو کی سیاست کا واضح عروج ہے، سافٹ پاور نے روایتی جنگ کی جگہ لے لی،اب بیانیہ اورغلط معلومات کی جنگ ہو رہی ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی تبدیلیاں پاکستان کے عالمی تعلقات اور خارجہ پالیسی پر براہ راست اثر انداز ہورہی ہیں، خودمختاری،علاقائی سالمیت اور آزادی کیلئے چیلنجز کا جواب دینا چاہیے، روایتی سفارتکاری سے اقتصادی سفارت کاری کی طرف خود کو موڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ترقیاتی ایجنڈا آگے بڑھانے کیلئے ہمیں مل کر کردارادا کرنا ہوگا، نوجوان سفارتکاروں کو تجارت اور سرمایہ کاری سمیت ضروری مہارتوں سے لیس کیا جائے، سفارتکاروں کو عالمی قانون اورسیاست کے ساتھ اقتصادی سفارتکاری کا بھی ماہر ہونا چاہیے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ فارن سروس اکیڈمی نے 1500سے زائد غیر ملکی سفارت کاروں کو تربیت دی، فارن سروس اکیڈمی نے ایسے ممتاز سفارتکار پیدا کیے جنہوں نے پاکستان کی نمائندگی بڑے اعزاز کے ساتھ کی، ملک کے نمائندے کی حیثیت سے پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کا خیال رکھنا اولین فرض ہے۔