اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہیں اور یہ ملکی تقدیر بدلنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر قومی ہیرو ارشد ندیم اور تمام نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جیولین تھرو مقابلے کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر ثابت کیا کہ پاکستانی یوتھ محنتی اور با صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں غیر معمولی کارکردگی دکھا کر نوجوانوں کو نیا جوش اور جذبہ دیا ہے، نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہیں اور یہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں خداداد صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا ہے، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، یوتھ پر سرمایہ کاری خوشحال اور تابناک پاکستان پر سرمایہ کاری ہے، نوجوانوں کو آج جتنا بااختیار بنائیں گے، ہمارا کل اتنا ہی خوبصورت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کیلئے ایسے مساوی ماحول کو پروان چڑھانا ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے حکومت کے ساتھ نجی شعبے کو آگے آنا ہوگا، انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مزید موثر اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔