پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب اور وفاق میں مینڈیٹ چوروں کا ٹولہ صرف ٹک ٹاک اور گانے بنا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی ارسطو جس کے مسلط ہونے کا کہہ رہا ہے اس کے وژن پر عوامی منصوبوں پر عمل ہو رہا ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا دیا، عوامی وزیراعلیٰ نے صوبے میں تعلیم کارڈ کا اجراء کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو شمسی بجلی فراہم کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ پر مفت علاج اور ادویات دی جا رہی ہیں جبکہ پنجاب اور وفاق میں مینڈیٹ چوروں کا ٹولہ صرف ٹک ٹاک اور گانے بنا رہا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور ٹولہ صرف پٹواریوں اور تھانے داروں کے تبادلوں میں مصروف ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں مریض رل رہے ہیں، لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں، مینڈیٹ چور ٹولہ عوام کو بھول کر جیولن تھرو کے کوچ بننے کی تیاریاں کر رہا ہے۔