لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم: قومی اسمبلی کے 3 حلقوں پر لیگی امیدوار کامیاب قرار

Published On 12 August,2024 11:01 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کر دیا۔

سپریم کورٹ نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، جسٹس عقیل عباسی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ن لیگ کے تینوں امیدوارں کو کامیاب قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے عبد الرحمن کانجو، اظہر قیوم نہرا اور ذوالفقار احمد نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

این اے 154 لودھراں، این اے 81 گوجرانوالہ اور این اے 79 گوجرانوالہ میں اعتراضات عائد کئے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی اپیلیں منظور کر لی تھیں، الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے تینوں امیدواروں کے کامیابی کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیئے تھے۔