صدر مملکت سے ویتنام، مالدیپ، آئرلینڈ کے سفراء کی ملاقاتیں، سفارتی اسناد پیش کیں

Published On 13 August,2024 05:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ویتنام، مالدیپ اور آئرلینڈ کے سفراء نے ملاقاتیں کی اور سفارتی اسناد پیش کیں۔

صدر مملکت نے سفراء کو پاکستان میں تقرری پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سفراء پاکستان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے، پاکستان دوست ممالک کے ساتھ تجارتی، اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زراعت، توانائی، انفراسٹرکچر، مینو فیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور گرین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔

سفراء کو ایوان صدر پہنچنے پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔