کابینہ کمیٹی برائے نجکاری جامع پلان آئندہ اجلاس میں پیش کرے، شہباز شریف

Published On 13 August,2024 08:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو جامع پلان آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی جانب سے 2 اگست 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق اور جن ایس او ایز کی نجکاری کی منظوری ہو چکی ہے، ان سے متعلق نجکاری کا جامع پلان آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی ہونیوالے گزشتہ میٹنگ میں فیڈرل ڈایریکٹریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے ڈیلی ویجز اساتذہ کو ریگولر کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے اور پاکستان اور گوئٹے مالا کی وزارتِ خارجہ کے مابین سیاسی مشاورت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔

میٹنگ میں پاکستان اور ایکواڈور کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے پر دستخط او کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے کے5 اگست کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سمیت کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 31 جولائی 2024 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔