لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے لاہور میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے، یوم آزادی کی آمد آمد ہے، آج ہم اقلیتوں کا دن منا رہے ہیں،اقلیتی برادری نےپاکستان کی تعمیروترقی میں اہم کردارادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کےدن قائداعظم نےایک تاریخی بیان دیا تھا، قائداعظم نے کہا تھا کہ سب اپنی عبادت گاہوں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، بانی پاکستان نےکہا تھا کہ سب برابر ہیں۔
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کی سکیورٹی کےلیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، اقلیتی برادری نےپاکستان کےحق میں ووٹ دیا تھا، یہ کوئی معمولی باتیں نہیں ہے، اقلیتی برادری نےملکی سرحدوں کی حفاظت کےلیےاپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اقلیتی برادری کےحقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی، اقلیتی برادری کےحقوق کےلیےکاوشیں جاری رکھیں گے، اقلیتی برادری کے کوٹہ کے حوالے سے پوائنٹ نوٹ کر لیے ہیں، صوبائی حکومتیں بھی اقلیتی برادری کے حوالے سے یکسو ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری نےہمیشہ ملکی استحکام اور ترقی کے لیے کردار ادا کیا، اقلیتی برادری ہر شعبے میں ملک وقوم کے لیے خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بدقسمتی سےغزہ میں ظلم ڈھایا جارہا ہے، غزہ میں ظلم کی وجہ سےآزادی کی خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں، گزشتہ دنوں نمازکےدوران بمباری کی گئی، دن رات اسرائیل کےمظالم جاری اور دنیا خاموش ہے، اسرائیل کیخلاف قراردادوں کووقعت نہیں دی جاتی، غزہ میں ظلم اور زیادتی کی مثال نہیں ملتی۔