واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے دلی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 سالوں سے ہمارے عوامی تعلقات ہمارے دو طرفہ تعلق کی بنیاد رہے ہیں۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ آنے والے سالوں میں ہم امریکا پاکستان شراکت داری کو وسعت دیتے ہوئے اور عوامی تعلقات کو مزید بڑھاتے ہوئے دونوں اقوام کے لیے مزید خوشحال مستقبل تشکیل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے ہمارے مشترکہ عزم کو مضبوط کرتے ہوئے ہم ایسی شراکت داری جاری رکھنے کے خواہاں ہیں جو دونوں ممالک کو مزید محفوظ بنائے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ میری طرف سے پاکستان، امریکہ اور دنیا بھر میں یوم آزادی منانے والوں کو پر مسرت یوم آزادی مبارک ہو۔
ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے کانگریس مین پیٹ سیشنز نے بھی یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج 14 اگست 2024 ہے آج کے دن کو ہم پاکستان کی یوم آزادی کے حوالے سے یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن جشن، اعزاز اور فخر کا دن ہے جو ان پاکستانیوں سے محسوس ہوتا ہے جو امریکا میں مقیم ہیں اور امریکا پاکستان اور ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ 14 اگست آپ اور آپ کی فیملی کے لیے اہم ثابت ہوگا اور آپ امریکا پاکستان اور ایک بہتر دنیا کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان نے بھی پاکستانی عوام کو یوم آزادی پرمبارکباد دی ، سینیٹر کرس وان ہولن ، کانگریس کی خاتون رکن سوزن وائلڈ ، کانگریس رکن ٹام سوازی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔