کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشین کی تعمیر و ترقی اور ضلع کی عوام کے لئے کئی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشین کے دورہ کے موقع پر جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پشین میں 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر کا اعلان کیا، پشین لوکل کونسل کے لئے 10 کروڑ کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پشین وہ ضلع ہے جس کے بزرگوں نے ہمیشہ قائد اعظم کا ساتھ دیا ہے، یہاں کے عمائدین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ وفا کی ہے، تعلیم و صحت صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، جو سکول، کالج کا ٹیچر سرکاری تنخواہ لے گا وہ گھر پر نہیں بیٹھ سکتا، آپ سے وعدہ ہے کہ اگلی بار جب آؤں گا تو ہر استاد سکول میں ہوگا۔
میر سرفراز احمد بگٹی نے مزید کہا کہ پشین کو علیحدہ ڈویژن بنانے اور تمام متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی، پشین ہائی وے پر ریسکیو 1122 کا مرکز بھی قائم کیا جائے گا، پشین میں بلوچستان یونیورسٹی کے کیمپس کی تعمیر پر بھی غور کیا جائے گا۔