کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے خلاف ایک منظم سازش جاری ہے اور ہم سب نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ گھوڑ سواری گالا میں شرکت کی، وزیراعلیٰ نے مختلف ٹیموں کے مابین نیزہ بازی، ہارس جمپنگ کے مقابلوں اور پولو میچ دیکھا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تقریب سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، زندہ قومیں جشن آزادی کو پورے جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں، صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال جشن آزادی کو پورے صوبے میں پورے جوش و خروش سے منایا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ماہ اگست کے اوائل سے ہی جشن آزادی کی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان کے لوگ محب وطن ہیں، بلوچستان کے عوام پاکستان کی سالمیت دفاع اور استحکام کے لئے ایک مضبوط چٹان کی مانند کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے گھوڑ سواری میلے میں مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا، تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ کھلاڑیوں اور عام عوام میں گھل مل گئے، کھلاڑیوں اور عوام نے وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔