کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومت بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کچرا اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
سربراہ بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل کاکڑ نے بتایا کہ نجی کمپنی سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی نسبت تین گنا کم نرخوں پر معاہدہ طے پا گیا، معاہدے سے صوبے کو سالانہ ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوگی۔
ڈاکٹر فیصل کاکڑ نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت گھر گھر سے کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے منصوبے کا ٹینڈر کر دیا، منصوبے کے تحت نجی کمپنی کو سالانہ 90 کروڑ روپے ادا کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نجی کمپنی کے اخراجات میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے اخراجات کی نسبت تین گنا کم ہیں، نجی کمپنی سے سات سال کا جامع معاہدہ کیا جس میں دنیا بھر سے بہترین نکات شامل ہیں۔
ڈاکٹر فیصل کاکڑ نے بتایا کہ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح اگست کے وسط میں کیا جائے گا۔