کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر مصطفیٰ کمال نے جواب میں کہا کہ پیاری مریم بی بی! آپ کے قیمتی مشورے کا شکریہ۔
رہنما ایم کیوایم مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت کا برتاؤ پچھلے 15 سال سے اچھا ہوتا تو آپ کے پاس نہ آتے، ہمیں کیا ضرورت تھی کہ 2024ء الیکشن سے 4 ماہ قبل لاہور آتے، آپ کی پارٹی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا جس پر آج تک قائم ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ میں نے پنجاب حکومت سے نہیں ریاست پاکستان کے سربراہ سے درخواست کی، ریاست پاکستان کے سربراہ وزیراعظم شہباز شریف ہیں، ان سے درخواست کی ہے، وزیراعظم سے درخواست کی کہ خدارا سندھ بالخصوص کراچی پر رحم کریں۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہمیں بھی پاکستان میں برابر کا شہری سمجھ کر جینے کا حق دیں کیونکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، گزشتہ کئی ماہ سے وزیراعظم سے ملاقاتوں میں بارہا توجہ دلائی، وزیراعظم نے سندھ کے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا، ہم صرف انہی وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔