شکیل خان کے خلاف کرپشن کی وجہ سے کارروائی ہوئی: بیرسٹر سیف

Published On 18 August,2024 10:56 am

اسلام آباد :(دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شکیل خان کے خلاف کرپشن کی وجہ سے کارروائی ہوئی، ایسا تاثر دیا گیا ان کی برطرفی وزیراعلیٰ کا ذاتی فیصلہ تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ شکایات کی گئیں کہ پختونخوا کے کچھ محکموں میں کرپشن ہو رہی ہے ، کچھ لوگوں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مل کر کرپشن کی شکایات کیں، عاطف خان، اسد قیصر سمیت دو لوگ ہی تھے جو بانی پی ٹی آئی سے ملے، عمران خان نے کہا ہے کہ میری طرف سے پیغام دیں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے شکیل خان کو برطرفی کی سمری گورنر کو بھیجی، تحقیقاتی کمیٹی نے شکیل خان کو موردالزام ٹھہرایا، کمیٹی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر بنائی گئی ، کمیٹی نے دو ہفتوں کے دوران متعدد افراد کے بیانات لیے، کمیٹی کی سفارشات پر ہی کارروائی آگے بڑھائی گئی، کمیٹی نے کہا شکیل خان کے خلاف جو شکایات تھیں،وہ اس میں ملوث پائے گئے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایسا تاثر دیا گیا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات ہیں ، برطرفی سے قبل ہی شکیل خان نے استعفیٰ دیا، شکیل خان نے اسی تناطر میں پریس کانفرنس کی اور تحفظات کا اظہار کیا۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا اپنے ہی لوگ پارٹی فیصلوں پر میڈیا میں جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہامصدق عباسی سے کہیں دلیری سے کھڑے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے اسلام آباد میں انتظامیہ پی ٹی آئی کا جلسہ کرنے میں خلل پیدا کرسکتی ہے، ہم جب بھی جلسہ کرتے ہیں انتظامیہ سے اجازت لیتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم گارنٹی دیتے ہیں جلسے کی وجہ سے امن وامان کا ماحول خراب نہیں ہو گا، کوشش کریں گے ہماری طرف سے قانون کی پامالی نہ ہواور تمام معاملات پرامن طریفے سے مکمل ہو جائیں۔