اسلام آباد: (دنیا نیوز) 190 پاؤنڈز کیس بند کرنے کے نیب کے فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔
رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پیر کو سماعت کریں گے۔
عمران خان نے کیس کے حتمی فیصلے تک 190 ملین پاؤنڈز کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا کی ہے، بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر ایڈووکیٹ اور خالد یوسف ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔
بانی پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کا 12 اگست کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے، تفتیشی افسر نے بیان میں کہا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نیب کو ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے۔