راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے بشریٰ بی بی کو 9 مئی کے 12 مقدمات میں ڈسچارج کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق 12 مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا، سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی، جہاں پولیس نے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے راولپنڈی پولیس کی جانب سے 9 مئی مقدمات میں بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر تفصیلی سماعت اڈیالہ جیل میں کی اور اس کے بعد پولیس کی درخواست مسترد کردی۔
پولیس کا مؤقف تھا کہ بشریٰ بی بی سے جی ایچ کیو حملہ سمیت 12 مقدمات کی تفتیش کی جائے گی، انسداد دہشت گردی عدالت میں بشریٰ بی بی کی جانب سے ان کے وکیل سلمان صفدر نے پولیس کی درخواستوں کے خلاف دلائل دیئے۔