پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں 22 اگست کو ہونے والے جلسے کی تیاریوں اور جلسے کے انتظامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، کئی گھنٹے طویل اجلاس میں ممبر قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام ڈویژن کے قائدین نے بھی شرکت کی، وزیر اعلیٰ کے پی نے ہر ریجن کے نمائندوں کے ساتھ الگ الگ ملاقات کی، علی امین گنڈا پور نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے جلسے میں ہر صورت جائیں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ہر ممبر قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر رہنماؤں کو زیادہ سے زیادہ ورکرز نکالے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ بھرپور مشینری ساتھ لیکر جائیں گے، کرین، ٹریکٹر، آنسو گیس سے بچنے کے لئے ماسک ساتھ لے کر جائیں گے، اپنے ساتھ تیار سٹیج، ساؤنڈ سسٹم اور دیگر چیزیں بھی لے کر جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا جواب دینے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے ورکرز کے لئے ہر نمائندے کو گاڑیوں کا بندوست کرنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہاکہ آئی ایس ایف یوتھ کیلئے گاڑیوں اور دیگر انتظامات پارٹی کرے گی، تمام ورکرز کو صوابی کے مقام میں جمع ہونے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق صوابی سے وزیراعلیٰ خود قافلوں کو قیادت کریں گے، پشاور کے قافلے کو دن 2 بجے تک صوابی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔