اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم امتناع ختم کردیا۔
ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس بند کرنے کی دستاویز فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی۔
نیب نے القادر ٹرسٹ کیس بند کرنے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا جس کی نقول بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا کو بھی فراہم کردی گئیں۔
بعدازاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دستاویزات فراہمی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کا حتمی فیصلہ نہ سنانے کا حکم امتناع ختم کر دیا۔
واضح رہے کہ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکتے ہوئے نیب سے جواب طلب کیا تھا۔