پی ٹی آئی کو سخت شرائط کے ساتھ 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت مل گئی

Published On 22 August,2024 01:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انتظامیہ نے سخت شرائط کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے 40 ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے، لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہوگا، یہ جلسے کی انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنان کو منتشر کیا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف کا آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی

نوٹیفکیشن کے مطابق لاٹھی یا کسی بھی قسم کا ہتھیار کسی کے پاس نہ ہو، دھرنا دینے، ریاستی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت نہیں ہوگی، شرکاء کی حفاظت کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، سٹیج کیلئے شرکاء کی فہرست 12 گھنٹے قبل انتظامیہ کو مہیا کرنا ہوگی، کسی بھی سکیورٹی صورتحال پر جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا تھا۔

گزشتہ روز اسلام آباد کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے آج 4 شام بجے ترنول چوک پشاور روڈ پر جلسے کا اعلان کر دیا تھا۔