لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ایک سال سے فتنہ پارٹی جلسے اور احتجاج کی گیم کھیل رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ جلسہ ہو رہا ہے جلسہ ملتوی ہو گیا ہے وہ آرہا ہے وہ ایڈجسٹ ہو چکا ہے، تعمیری سیاست،تنقید برائے اصلاح جیسی جمہوری روایات سے انکا کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال سے فتنہ پارٹی جلسہ جلسہ اور احتجاج احتجاج کھیل رہی ہے، جو شرانگیزی آپ پریس کانفرنسز اور سوشل میڈیا پر پھیلاتے وہی شرانگیزی جلسے میں پھیلانی تھی، سیاسی لوگ پرامن جدوجہد کرتے جبکہ غیر سیاسی لوگ عوام میں انتشار اور افرا تفری پھیلانے کو جدوجہد کا نام دیتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان اڈیالہ جیل کے قیدی اور اس کے کوچ کی حقیقت جان چکا ہے، اڈیالہ جیل کا قیدی ملک سے مخلص ہے نہ قوم سے مخلص ہے، ڈیجیٹل دہشتگرد پرامن ہوتے نہ مہذب بلکہ شدت پسندی کا آخری درجہ ہوتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ ڈیڑھ سال سے ہر سیاسی لیڈر اور اداروں کے سربراہان کے خلاف غلیظ ترین مہم چلانے والے کہتے ہیں، ہم پرامن لوگ ہیں، 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والے شہداء کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے کہتے ہم پرامن لوگ ہیں، نو مئی کی ناکام بغاوت کے ایک ایک کردار کو کٹہرے میں کھڑے کرنے کا وقت آگیا ہے۔