پی ٹی آئی کا جلسہ: ریڈ زون مکمل سیل، اسلام آباد جانیوالے راستے بھی بند

Published On 22 August,2024 09:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال پر پولیس نے ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا جبکہ اسلام آباد جانیوالے راستے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

ریڈ زون میں جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں جس سے مارگلہ روڈ انٹری پوائنٹ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

اسلام آباد کے داخلی وخارجی راستوں پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں، ٹی چوک پر کنٹینرز کھڑے کر کے راستہ بند کردیا گیا، ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مارگلہ ایوینوکھلا ہوا۔

دوسری جانب اسلام آباد جانے کے لیے موٹروے کلر کہار انٹرچینج سے مکمل بند کردی گئی جبکہ راوی ٹال پلازہ سے موٹروے کو لاہور سے اسلام آباد جانیوالی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا جلسہ: اسلام آباد کے سرکاری اور نجی سکولوں میں آج تعطیل

اس کے علاوہ ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا جس کے باعث راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی میں 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ ہے اور انتظامیہ نے شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا ہے۔ 

کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے: محسن نقوی

دوسر جانب وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں شہراقتدار میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، امن عامہ برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے لیکن احتجاج مناسب جگہ پر ہونا چاہیے، احتجاج سے عوام کے روزمرہ معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے، عوام کے جان ومال کے لئے قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔