پی ٹی آئی کا جلسہ: اسلام آباد کے سرکاری اور نجی سکولوں میں آج تعطیل

Published On 22 August,2024 08:43 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرتے ہوئے سرکاری اور نجی سکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کر دیا۔

وزارت داخلہ کی ہدایات پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کر دیا، دوسرے شہروں سے آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا اور سرکاری و نجی سکولوں میں آج (22 اگست) کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، بچوں کی حفاظت کے پیش نظر سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آج سکول بند رکھنے کا فیصلہ پی ٹی آئی کے جلسے کے اعلان اور ایک مذہبی جماعت کی احتجاج کی کال کے پیش نظر کیا گیا۔

دوسری جانب جلسے اور مظاہرے کی وجہ سے آج میٹرو بس سروس معطل رہے گی اور ساتھ ہی میٹرو بس سٹیشنوں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔

اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں 22 سے 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ رہے گی، دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں ہر قسم کے سیاسی و عمومی اجتماع پر پابندی عائد ہوگی۔