اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ تحریک انصاف کے اصل چیئرمین تو فیض حمید تھے، اڈیالہ جیل میں پیغام رسانی جاری تھی، فون پر ان کے رابطے جاری تھے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کبھی ورزش کرنے والی مشین اور کبھی دیسی مرغی مانگتے ہیں، عمران خان نے جو کچھ کیا ان کو بدترجیل میں رکھنا چاہئے، عمران خان اپنی ہی باتوں سے مکر جاتے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف اظہر صدیق نے کہا کہ کورٹ مارشل میں (ن) لیگ سیاست کیوں کررہی ہے، عدالت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کی لسٹ مانگ رہی ہے، گزشتہ دوماہ سے حکومت بانی پی ٹی آئی کو دی جانے والی سہولیات کی لسٹ عدالت کو نہیں دے رہی۔
اظہرصدیق نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ قیدی نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ان کے پاس کوئی شواہد نہیں ہیں، حکومتی اقدامات سے پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔