پی ٹی آئی کی دھرنےاورکنٹینر سیاست دوبارہ سرگرم ہو گئی: شازیہ مری

Published On 22 August,2024 07:28 pm

اسلام آباد:(دنیانیوز) ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی دھرنےاورکنٹینر کی سیاست ایک مرتبہ پھر سرگرم ہے۔

اسلام آباد میں ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ خدارا ! اس ملک پر اور یہاں کی عوام پر اب رحم کرو، آج پھر ایک گھمنڈی کے ایما پر لوگوں کو پریشان کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے چھوٹی چھوٹی ٹولیوں کی صورت میں نکل کررستے بند کرکے بلاوجہ لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اندرونی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ان کو خود سمجھ نہیں آرہا کہ کرنا کیا ہے، بانی پی ٹی آئی کی یوٹرن کی سیاست سے ان کے اپنے کارکنان بھی تنگ آگئے ہیں، کےپی کے ایک وزیر نے نے اپنے ہی وزیراعلیٰ کی کرپشن کا پول کھول دیا۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت افراتفری اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ سیاست کریں تماشہ نہیں، اب کوئی ایمپائر نہیں جو فرمائش پوری کرنے آئےگا، لہٰذا سدھر جائیں۔

ترجمان پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب کی پہلی ترجیح پاکستان ہونی چاہیے اپنی ذات بعد میں آتی ہے، یہاں الٹی ہی کہانی ہے، دعا ہی کرسکتے ہیں کہ اللہ کریم ایسے لوگوں کو عقل اور سوچنے سمجھنے کی ہدایت دے۔