جمعیت علماء اسلام سپریم کورٹ کے فیصلے پر آج یوم تشکر منائے گی

Published On 23 August,2024 08:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر آج یوم تشکر منائے گی۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش نہیں کر سکتی، سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس کے حتمی فیصلے کا اعلان کیا، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر پارلیمنٹ میں کوئی اختلاف نہیں تھا، سپریم کورٹ نے 6 فروری اور 24 جولائی کے قابل اعتراض حصوں کو حذف کر دیا، سود کے مسئلے پر بھی پوری قوم اور علماء کرام متفق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جب پوری قوم قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے فیصلے کی گولڈن جوبلی منا رہی ہے، اس فیصلے نے گولڈن جوبلی کی خوشی کو دوبالا کر دیا ہے، کوئی طاقت اس کے خلاف اب سازش نہیں کر سکے گی۔

فضل الرحمان نے کہا کہ یہ پوری قوم کی متفقہ آواز ہے، ہم ان کے انسانی حقوق کو تسلیم کرتے ہیں مگر وہ بھی آئین کو تسلیم کریں، امت مسلمہ اور پاکستانی قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، یہ اسی کی فتح ہے، اس معاملے پر حکومت کو انکار نہیں تھا مگر سود کی قانونی اور آئینی حیثیت مختلف ہے۔

سربراہ جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے فراغ دلی اور مثبت رویئے کا اظہار کیا، اس کو تسلیم کرنا چاہیے۔