یوٹیلیٹی سٹورز بند کرانا غریب دشمن پالیسی کا ثبوت ہے: بیرسٹر سیف

Published On 24 August,2024 09:56 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز بند کرانا نااہل حکومت کی غریب دشمن پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔

یوٹیلیٹی سٹورز بند کرانے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز غریب عوام کے لئے ریلیف کا واحد ذریعہ تھا، مینڈیٹ چور حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو اس ریلیف سے بھی محروم کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ یوٹیلیٹی سٹورز میں برسرروزگار تھے، سٹورز بند کرانے سے ہزاروں کی تعداد میں خاندانوں کا ذریعہ معاش بھی چھینا گیا، یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین جعلی حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف احتجاج پر ہیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت اشتہاری مہم پر اربوں خرچ کر رہی ہے مگر یوٹیلیٹی سٹورز کے لئے پیسے نہیں، ٹک ٹاکر راج کماری مریم نواز ذاتی تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے، غریب عوام پر پیسے خرچ کرنے کیلئے خزانہ خالی ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب جائیں تو کہاں جائیں، جعلی فارم 47 حکومت میں غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں، نااہل ٹولے نے غریب عوام پر زمین تنگ کی ہے۔