اسلام آباد :(دنیانیوز) حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا، آئین سازی میں نمبر گیم دوبارہ اہمیت اختیار کر گئی۔
قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس اگلے ہفتے بلانے کی تجویز دی گئی ہے، مشترکہ اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور نہ ہونے والے بلز منظور کروائے جائیں گے۔
بعض بلز سینیٹ نے منظور کیے مگر قومی اسمبلی نے نہیں کیے تھے جبکہ بعض بلز قومی اسمبلی نے منظور کیے لیکن سینیٹ نے نہیں کیے تھے، ایسے تمام بلز اب مشترکہ اجلاس سے منظور کروائے جائیں گے۔
اجلاس میں الیکشن ایکٹ اور مخصوص نشستوں کے بارے میں نئی قانون سازی بھی مشترکہ اجلاس سے منظور کروائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب آئین سازی میں نمبر گیم ایک بار پھر اہمیت اختیار کر گئی، قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد کو دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ، 336 کے ایوان میں حکومتی اتحاد210جبکہ اپوزیشن 103اراکین پر مشتمل ہے، 23مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
ایوان بالا میں جے یو آئی ف کی اپوزیشن میں بیٹھک سے نمبر گیم چینج ، سینیٹ میں حکمران اتحاد کے نمبر59رہ جائیں گئے، اپوزیشن اتحاد کے نمبر21سے بڑھ کر 26ہو گئے، آئینی ترمیم کیلئے سینیٹ میں 64ارکان کی حمایت درکار ہے۔
واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے ایوان زیریں قومی اسمبلی اور ایوان بالا سینیٹ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔