اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے ہو گا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کل ہونے والے اجلاس کا 23 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا، حکومت کا اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے نظام میں تبدیلی کے لئے کل قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 کل منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ برائے سال 21-2020 ایوان میں پیش ہو گی، ملک میں منکی پاکس کے بڑھتے کیسز پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق ٹیلی کمیونیکیشن اپیلیٹ ٹربیونل کے قیام کے بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے، چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع فتح اللہ خان بھنگ کے کنٹرول اور ریگولیشن کے لئے اتھارٹی کے قیام کے بل پر قائمہ کمیٹی رپورٹ پیش کریں گے۔
حنا ربانی کھر اپاسٹائل بل 2024 پر قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کی رپورٹ پیش کریں گے ،فاروق ستار پرائیوٹائزیشن کمیشن ترمیمی بل 2024 پر قائمہ کمیٹی برائے نجکاری اور بشیر احمد ورک مبارک ثانی کیس پر قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رپورٹ پیش کریں گے۔
قومی اسمبلی ذرائع نے مزید بتایا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی جانب سے منشیات کے استعمال پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا، صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث جاری رہے گی ۔
علاوہ ازیں مختلف اراکین قومی اسمبلی میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز میں شمولیت اورمختلف اراکین قومی اسمبلی کے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں شمولیت کی تحاریک بھی پیش کی جائیں گی۔