کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوسوں کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔
جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ٹاور صدر اور کھارادر کی دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئیں، جلوسوں کے راستوں کی تمام گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، جلوسوں کے روایتی راستوں کی پولیس اور رینجرز کے ذریعے سخت نگرانی کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ جلوسوں کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کی نگرانی کے لئے اضافی سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، رینجرز کی بھی نفری جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے تعینات کی گئی ہے۔