اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ بلوچستان پر حملہ کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں، ہمیں اپنے ٹارگٹ سے دائیں، بائیں نہیں ہونا چاہئے۔
سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ دہشت گردی، تخریب کاری کرنے والوں کا قلع قمع کرنا ہوگا، نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات اتفاق رائے سے مکمل کیے تھے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ مذہب، آزادی، حقوق کے نام پر دہشت گردی ہوتی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل بیٹھنا ہوگا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سانحہ اے پی ایس کی طرح متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں جنہوں نے ہمارے پیاروں کا خون کیا ان کی بھی لاشیں دیکھیں، ہمیں مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، ٹھیک ہے بات چیت کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہئے، بات چیت کے لیے شرائط یہ ہوں گی کہ پاکستان کے جھنڈے تلے بیٹھیں گے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ کسی کو بھی خون بہانے کی اجازت نہیں دے سکتے، دہشت گردی کے خلاف ایک موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔