لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے ریلیف کیخلاف بات کرکے اپنی ساکھ خراب کررہی ہے۔
حسن مرتضی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ بھائی! ایک طرف آپ پنجاب حکومت کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں دوسری طرف باہر آکر پنجاب کے عوام کو ملنے والے ریلیف کے خلاف بول رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو پنجاب کے لوگوں کو ملنے والے ریلیف کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، مریم نواز پنجاب میں 400 ارب سڑکوں پر بھی لگارہی، بجلی کے بلز کم کررہی اور یہاں گھر بنانے کے لیے 15 لاکھ تک قرضے بھی مل رہےہیں ۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں دوائی بھی مل رہی ہے اور ہسپتال بھی بن رہے ہیں، ایک ہارے ہوئے شخص کو پنجاب میں ہوتی ترقی کیوں نظر نہیں آتی سمجھ سے باہر ہے، آپ ایوان سے باہر لیکن پنجاب میں تو رہتے ہیں۔
وزیر اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ میڈیا کے سامنے آپ عوام کے ریلیف کے خلاف بات کرکے اپنی ساکھ کو مزید خراب کررہے ہیں۔