لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی سے انڈسٹری سمیت ہر شعبہ متاثر ہورہا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے سولر پینلز بنانے والی مقامی کمپنی سپریم سولسن کے وفد نے ملاقات کی، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں صوبے میں سولر انرجی کے فروغ کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل سولر انرجی کے فروغ سے وابستہ ہے، مہنگی بجلی سے انڈسٹری سمیت ہر شعبہ متاثر ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سولر انرجی کا فروغ حکومت کی پہلی ترجیح ہے، گھروں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، زرعی ٹیوب ویلوں اور انڈسٹریل سٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے، چین کا ایک بڑا سرمایہ کار گروپ اسی سال پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گا۔
صوبائی وزیر صنعت نے مزید کہا کہ سولر انرجی کی مقامی کمپنیوں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، مقامی سرمایہ کا بیٹریوں کے ری سائیکلنگ پلانٹ بھی لگائے جائیں گے، پن بجلی کیلئے چھوٹے ڈیمز بنانے پرفوکس کرنے کی بھی ضرورت ہے، قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والا گارمنٹ سٹی مکمل سولر انرجی پر ہوگا۔
ملاقات کے دوران سپریم سولسن کمپنی کے ڈائریکٹر یاسر بن طاہر اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔