صادق آباد: (دنیا نیوز) ماچھکہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 12 پولیس جوانوں کی شہادت کا معاملہ ، ماچھکہ تھانہ میں پولیس پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ انسپکٹر امجد رشید کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں کوش سیلرا اور اندھڑ گینگ کے 131 جرائم پیشہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
درج مقدمہ دہشتگردی قتل اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے ، مقدمے کے متن کے مطابق حملہ لکھی۔ منی اور گڈو کوش کی سربراہی میں کیا گیا، پولیس جوان کیمپ سے واپسی پر جب شاہو کوش کے گھر کے پاس پہنچے تو ملزمان نے حملہ کردیا ، ڈاکوؤں کے پاس راکٹ لانچر، جی 3 اور دیگر اسلحہ تھا۔
متن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکوؤں نے پولیس جوانوں پر سیدھی فائرنگ کی ، پولیس جوانوں نے بھی جوابی فائرنگ کی ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 12 پولیس جوان شہید ہوئے جبکہ حملہ میں 9 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ۔
مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکو ایک پولیس اہلکار احمد نواز کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے ، پولیس کی فائرنگ سے بشیر شر مارا گیا جبکہ گڈی کوش زخمی ہوا ، ڈاکو فرار ہوتے ہوئے پولیس کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ، راکٹ لانچر اور فائرنگ سے پولیس گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان کےکچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔