لاہور:(دنیا نیوز) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ ہوئی۔
ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کا پارہ 0.10فیصد گر گیا، سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 16.69 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 21 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 9 اشیاء سستی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، انڈوں کی فی درجن قیمت میں 17 روپے 40 پیسے اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں دال چنا فی کلو 20 روپے 19 پیسے مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کا رپورٹ میں کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے آلو کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 40 پیسے ، تازہ دودھ، لہسن، دال ماش اور۔ دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر ، گڑ ،مٹن، بیف بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے 20 کلو آٹے کا تھیلا 51 روپے 37 پیسے سستا ہوا،کیلے فی درجن 3 روپے تک سستے ہوئے، دال مسور، دال مونگ اور بریڈ بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، چائے، گیس اور بجلی چارجز سمیت 21اشیا کی قیمتیں مستحکم بھی رہیں۔