کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے 4 ہفتوں کی مہلت دے دی۔
لڑکی سمیت 7 افراد کی بازیابی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواستوں پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران پولیس نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی جس میں کہا گیا کہ لڑکی اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس نے پیش رفت رپورٹ جمع کرواتے ہوئے عدالت سے لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے مہلت مانگ لی، عدالت نے پولیس کو لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کی مہلت دیتے ہوئے 4 ہفتوں میں پولیس سے پیش رفت طلب کر لی۔
عدالت نے حکم دیا کہ شاہین، گل زرین، کامران کمال، سید موسیٰ سمیت دیگر کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، عدالت نے جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس اجلاس جاری رکھنے کی ہدایت بھی کر دی۔
واضح رہے کہ عدالت میں دائر کی گئیں درخواستوں کے مطابق لڑکی جوہر آباد جبکہ دیگر شہری لانڈھی، شاہ لطیف اور کورنگی سے لاپتہ ہوئے ہیں۔