اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنائیں گے۔
خیال رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کیچ، پنجگور اور ژوب میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا کہ کارروائیاں 26 اگست کو بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کے پس منظر میں کی گئیں۔