کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون کا ساتواں الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں موجود ہے ، طوفان گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب کی جانب بڑھا، سمندری طوفان کراچی کے جنوب مغرب سے 300 کلومیٹر، اورماڑہ کے جنوب اور جنوب مشرق سے 230 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب مشرق سے 300 کلومیٹر دور ہے۔
سمندری طوفان مغرب اور جنوب مغرب کی سمت میں بڑھ رہا ہے، طوفان کے زیر اثر آج وقفے وقفے سے کراچی میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے، بدین ،ٹھٹھہ، سجاول ،حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک ،تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے دوران 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ ہوا کے جھکڑ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی چل سکتے ہیں، سمندر میں شدید طغیانی رہنے کا امکان ہے، اس دوران سندھ کے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے، یکم ستمبر تک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز بارشوں کا امکان ہے۔