لاہور:(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ علما بین المذاہب ہم آہنگی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے گورنر ہاؤس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مفتی راغب حسین نعیمی سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں صدر پیپلزپارٹی علما مشائخ ونگ پنجاب و رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ محمد یوسف اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ اسلام میں محبت، برداشت اور رواداری پر بہت زور دیا گیا ہے، انہی احکامات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو امن اور محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کا قومی فریضہ ہے کہ وہ اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں بہتری لانے کے لئے سب کو انفرادی اور اجتماعی کاوشیں کرنی چاہئیں۔