اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے متعلق ناقابل تردید شواہد ایک بار پھر منظر عام پر آگئے۔
افغان عبوری حکومت کے اقتدار میں آتے ہی افغان سرزمین عالمی دہشت گردوں کی آماجگاہ بن گئی، افغان عبوری حکومت کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کی پشت پناہی سے عالمی اور بالخصوص خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں ، کئی بار افغان حکومت کو آگاہ کیا گیا، خارجی بمبار روح اللہ کی ویڈیو کے بعد افغانستان کے خوارج کی پشت پناہی کے ناقابل تردید شواہد مل گئے۔
خارجی روح اللہ کا کہنا ہے کہ میں نے خود بھی 10 روز تک خودکش بمبار بننے کیلئے تربیت حاصل کی ،صبغت اللہ ، فاروق اور ذاکرخودکش حملوں کی تربیت دیتے ہیں، امان اللہ نے بارڈر پار کرایا جہاں سجاد نامی شخص نے سلیمان سے ملوایا، سلیمان نے ٹرک پر بٹھایا تو اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے پکڑلیا۔