الخدمت فاؤنڈیشن کے بنو قابل پروگرام کے تحت اسلام آباد میں انٹری ٹیسٹ

Published On 26 December,2023 10:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے بنو قابل پروگرام کے تحت کراچی اور لاہور کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں نوجوان طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔

میگا ایونٹ میں سابق ممبر قومی اسمبلی و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، ایچ ای سی کنسلٹنٹ ڈاکٹر آفاق حسین، ضلعی صدر حامد اطہر ملک، ڈائریکٹر بنو قابل اسلام آباد الطاف شیر، امیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز الخدمت شعیب ہاشمی سمیت الخدمت کے دیگر ذمہ داران، ماہرین تعلیم، دانشوروں نے شرکت کی۔

میاں محمد اسلم نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے بنو قابل پروگرام کے ذریعے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے اور مجھے یقین ہے کہ جلد اس پروگرام کے ذریعے نوجوان نہ صرف وہ اپنی فیملی کو غربت کے اندھے کنویں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ وطنِ عزیز کے لئے زرمبادلہ کما کر قومی خدمت بھی سرانجام دیں گے۔

حامد اطہر ملک نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کا 70 فیصد ہیں، لاکھوں نوجوان اپنے بہتر مستقبل اور نوکریوں کی تلاش میں ہیں، الخدمت بنو قابل قابل پروگرام کے ذریعے ان نوجوانوں کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

بنو قابل اسلام آباد کے ڈائریکٹر الطاف شیر نے بتایا کہ آئی ٹی اور ووکیشنل سمیت دیگر فری کورسز کیلئے اسلام آباد میں 12 ہزار نوجوانوں نے خود رجسٹر کیا، انٹری ٹیسٹ کے بعد 10 سکل ڈویلپمنٹ سینٹرز میں ان بچوں اور بچیوں کو فری کورسز کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سائبر سیکورٹی، گرافک اینڈ موشن ڈیزائن اور دیگر مہارتوں پر مبنی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر آفاق نے اس موقع پر کہا کہ پیسے کمانا زندگی گزارنے کے لئے بہت ضروری ہے مگر اخلاقیات کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوٹے، یہ صرف نوجوانوں کی خدمت نہیں بلکہ پوری ملک و قوم کی خدمت ہے۔

اس موقع پر ٹیسٹ میں شریک نوجوانوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور یہ عزم کیا کہ اپنے خاندان کی کفالت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کیلئے بھی کوشاں رہیں گے۔