پنجاب حکومت کا مری کے متبادل نئے ہل سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

Published On 12 August,2023 05:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نےمری کےمتبادل نئے ہل سٹیشن قائم کرنےکا اصولی فیصلہ کرلیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت گورنمنٹ ہاؤس مری میں خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مری کے ماسٹر پلان، سہولتوں کی بہتری اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ مری کے متبادل نئے ہل سٹیشن قائم کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے متبادل ہل سٹیشن کیلئے ماسٹر پلان طلب کر لیا اور نئے ہل سٹیشن کے قیام سے متعلق سفارشات 10 دن کے اندر طلب کر لیں-

محسن نقوی نے مری میں روڈ کے اطراف تجاوزات اور عمارتوں کی غیر قانونی تعمیرات پر شدید اظہار تشویش کیا۔ مری میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی اور زیر تکمیل غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات روکنے کا بھی حکم دیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ مری کے کشمیر پوائنٹ پر یوم آزادی کی شب آتش بازی کی جائے گی یوم آزادی پرمری میں آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے- ٹریفک کی روانی کے لئے اندرونی و بیرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کی جائے۔

نگران وزیر اعلی نے سی اینڈ ڈبلیو کو این ایچ اے سے مل کر ایکسپریس وے کلیئر کرانے کی بھی ہدایت کی۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات مری کی مرمت، طلب سڑکوں کی فوری بحالی کاپراجیکٹ بھی مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس کے دوران ایکسپریس وے کے اطراف میں غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے اور درخت لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ایکسپریس وے کے اطراف میں 12 ہزار کنال اراضی پر محکمہ جنگلات درخت لگائے گا۔ رش کے ایام میں گاڑیوں کو باہر روک کر الیکٹرک گاف کارٹ کے استعمال کا جائزہ لے گا۔

اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو مری کے ماسٹر پلان، پارکنگ پلازہ، ایم آئی ٹی پارک، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور صفائی پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، آر پی او، سی پی او،محکمہ جنگلات، ٹورازم، این ایچ اے، پی ایچ اے، ڈی جی آرڈی اے نے  شرکت کی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ہاؤسنگ، تعمیرات و مواصلات، صحت کے سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔