محسن نقوی کی ازبک وزیر زراعت سے ملاقات، کپاس کی پیداوار میں تعاون پر اتفاق

Published On 06 August,2023 04:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تاشقند میں ازبکستان کے وزیر زراعت ڈاکٹر عزیز ووٹوف سے ملاقات ہوئی جس میں زراعت خصوصاً کپاس کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ازبک حکومت اور عوام کیلئے پیار، بھائی چارے اور باہمی محبت کا پیغام لے کر آیا ہوں، پاکستان خصوصاً پنجاب میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوا ہے، پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت زراعت کی پائیدار ترقی کیلئے ایک پیج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زرعی شعبہ خصوصاً کپاس کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ازبکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے، پیسٹی سائیڈ سے محفوظ کپاس کی فصل کی کاشت میں ازبک تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ازبکستان خطے میں کپاس پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے، ازبکستان کے موسمی حالات پنجاب کے موسمی حالات سے مطابقت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان زرعی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع تر امکانات موجود ہیں۔

ازبک وزیر زراعت ڈاکٹر عزیز ووٹوف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ زرعی شعبے خصوصاً کپاس کی پیداوار کے حوالے سے بھرپور تعاون کریں گے، خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب میں کپاس کے زیر کاشت رقبے میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے دوستانہ تعلقات ثقافتی،مذہبی اورتاریخی رشتوں میں پروئے ہوئے ہیں۔