نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا سول سیکرٹریٹ کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

Published On 30 July,2023 01:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ چیف سیکرٹری نے مختصر عرصے میں سول سیکرٹریٹ کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے سلسلے میں شاندار اور مثالی اقدامات کئے ہیں، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے سول سیکرٹریٹ کے لئے قابل قدر اقدامات لائق تحسین ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ داخلہ کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور سول سیکرٹریٹ میں جاری تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے جاری تعمیراتی کاموں اور تزئین و آرائش کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔

چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔