لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا پاکستان اورفرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے مابین معاشی، تجارتی اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے، ثقافت، سیاحت اور واٹر ٹریٹمنٹ کے حوالے سے فرانس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی افسروں اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مینجمنٹ سکلز کے حوالے سے ٹریننگ فراہم کرنے کے حوالے سے فرانس کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، زرعی شعبہ کو توانا کرنے اور پیداوار بڑھانے کے حوالے سے فرانس کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام میں معاونت پر فرانس کے شکر گزار ہیں، پنجاب حکومت نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو 5 مزید تاریخی عمارتوں کی بحالی کا ٹاسک دیا ہے۔
اس موقع پر فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہا تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائیں گے، پنجاب حکومت کے ساتھ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا جائزہ لیں گے، فرانس پنجاب حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔